حکومت نے حج پیکج کی حتمی قیمت کا اعلان کر دیا

وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے منگل کو سال 2025 کے طویل اور مختصر حج پیکج کی حتمی لاگت کی نقاب کشائی کی۔

یہ پیشرفت اسلام آباد اور ریاض کے سالانہ حج معاہدے 2025 پر دستخط کرنے کے چند دن بعد سامنے آئی ہے تاکہ پاکستانی عازمین کو بہترین سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

معاہدے کے تحت اس سال 179,210 پاکستانی عازمین حج ادا کریں گے۔ پاکستانی زائرین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے جنہیں منیٰ میں کم نرخوں پر خصوصی رہائش کی پیشکش کی جائے گی۔

ایک بیان میں، وزارت مذہبی کے ترجمان نے آج کہا کہ طویل اور مختصر حج کے لیے حتمی قیمت بالترتیب 1,075,000 اور 1,150,000 روپے مقرر کی گئی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ حج واجبات کی تیسری قسط یکم فروری سے 10 فروری تک وصول کی جائے گی۔

وزارت نے کہا کہ “سرکاری حج اسکیم کے لیے کچھ سیٹیں ابھی بھی دستیاب ہیں،” انہوں نے مزید کہا کہ سیٹیں پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر 30 جنوری تک پُر کی جائیں گی۔

نئی درخواستیں صرف طویل حج پیکج کے لیے ہی قبول کی جائیں گی کیونکہ مختصر حج پیکج کی بکنگ پہلے ہی مکمل ہو چکی تھی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ نجی عازمین حج کے لیے بکنگ کا عمل رواں ماہ کے آخر تک جاری رہے گا۔

باقاعدہ اسکیم کے تحت 84,620 درخواستیں موصول ہوئیں۔
وزارت کے ایک اہلکار کے مطابق، 18 جنوری تک حکومت کی باقاعدہ اسکیم کے تحت صرف 1,380 نشستیں رہ گئی تھیں جن کے لیے درخواستیں، پہلی دو قسطوں کے طور پر 600,000 روپے کی ادائیگیوں کے ساتھ وصول کی جائیں گی۔

حکومت نے 10 جنوری سے، نامزد بینکوں کے ذریعے، پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر بقیہ 4500 سیٹوں پر باقاعدہ اسکیم کے تحت درخواستیں وصول کرنا شروع کر دی تھیں۔

وزارت مذہبی نے نجی حج آپریٹرز کو 30 لاکھ روپے سے زائد کے حج پیکجز کی منظوری کے لیے بھی خط لکھا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں